کانپور، 19؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ہندوستانی بلے باز چتیشور پجارا نے کہا کہ دلیپ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں انہوں نے جو اننگز کھیلی اس سے نیوزی لینڈ کے خلاف جمعرات سے کانپور میں شروع ہو رہی تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے قبل ان کا اعتماد بڑھا ہے۔گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کے دورے پر پجارا کی کارکردگی کافی متاثر کن نہیں رہی تھی اور تیسرے ٹیسٹ میں تو انہیں آخری الیون میں بھی شامل نہیں کیا گیا تھا۔یہ دیکھنا ہوگا کہ ٹیم مینجمنٹ پہلے ٹیسٹ کے آخری الیون میں کسے موقع دیتا ہے لیکن پجارا نے تین میچوں کی اس سیریز کے لیے کمر کس لی ہے۔انہوں نے دلیپ ٹرافی میں 166رن اور ناٹ آؤٹ 256رنوں کی دو بڑی اننگیں کھیلی تھی ۔بی سی سی آئی ٹی وی نے پجارا کے حوالے سے کہاکہ میں اس بات سے متفق ہوں کہ دلیپ ٹرافی میں ڈبل سنچری ایسی اننگ تھی جس کی ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے پہلے مجھے ضرورت تھی۔بنیادی طور پر ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں میں نے جو 166رنوں کی اننگ کھیلی تھی وہ ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا تھا۔اس اننگ سے میرا اعتماد بڑھاہے ۔اس 28سالہ بلے باز نے کہا، لیکن مجھے لگتا ہے کہ میں ویسٹ انڈیز میں بھی اچھی بلے بازی کر رہا تھا بالخصوص دوسرے میچ میں جہاں میں نے 46رنوں کی اننگ کھیلی اور اس وقت رن آؤٹ ہوا جب تیزی سے رن بنانے کی کوشش کرنے لگا تھا۔میں مایوس تھا لیکن میں نے اپنا اعتماد کم نہیں ہونے دیا۔میں دلیپ ٹرافی کے بعد مثبت سوچ میں ہوں۔ان رنوں سے یقینی طور پر نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ سیریز میں مجھے مدد ملے گی۔مجھے نہیں لگتا کہ اب مجھے اپنی بلے بازی کو لے کر زیادہ فکر کرنے کی ضرورت ہے۔پجارا نے گزشتہ سال اگست سے کوئی ٹیسٹ سنچری نہیں لگائی ہے لیکن وہ اسے لے کر پریشان نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایسا نہیں ہے، میں ہمیشہ مثبت رہتا ہوں، میں ہمیشہ یقین رکھتا ہوں کہ میں اچھی بلے بازی کر رہا ہوں اگرچہ بڑی اننگ نہیں کھیل پا رہا ہوں۔میں نے راہل دراوڑ سے بات کی اور انہوں نے کہا کہ کوئی تکنیکی خامی نہیں ہے۔انہوں نے مجھے کہا کہ یہ کھیل کے ذہنی پہلو کو تبدیل کرنا ہے۔جیسے ہی میں نے مثبت طریقہ سے سوچنا شروع کیا میں نے خود سے کہا کہ میں کسی بھی وقت بڑی اننگ کھیل سکتا ہوں اور چیزیں پٹری پر لوٹ آئیں گی۔نیوزی لینڈ سیریز کے تناظر میں پجارا نے کہا کہ ٹیم کی نظریں نمبر ایک درجہ بندی دوبارہ حاصل کرنے پر ہے ۔انہوں نے کہاکہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز ہمارے لیے مشکل ہو گی ، ہمارے پاس دوبارہ نمبر ایک بننے کا موقع ہے اور ہدف طویل وقت تک نمبر ون بنے رہنا ہے۔